آج کسانوں کے " دہلی مارچ " کے پیش نظر دہلی پولیس الرٹ ، دفعہ 144 نافذ
ہندوستان کی ریاست پنجاب کی کسان تنظیموں نے ملک بھر کے کسانوں سے آج 'دہلی مارچ' کی اپیل کی ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ اپیل 'کسان مزدور مورچہ' (کے ایم ایم) اور متحدہ کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے کی ہے۔ دونوں تنظیموں نے 3 مارچ کو اپیل کی تھی کہ کسان بڑی تعداد میں 6 مارچ کو ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے دہلی پہنچیں۔ کسانوں کی اپیل کے پیش نظر دہلی پولیس چوکس ہے۔ دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور دفعہ 144 نافذ ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈز پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے ٹکری، سنگھو اور غازی پور سرحدوں پر بھی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈز پر ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، جو دہلی پہنچنے والے مظاہرین کو حراست میں لے لیں گی۔ کیونکہ کسان تنظیموں نے کسانوں سے ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے دہلی پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
کسان تنظیموں نے 10 مارچ کو ملک بھر میں "ریل روکو" تحریک کی بھی اپیل کی ہے۔ کسانوں نے ایم ایس پی سمیت کئی مطالبات کو لے کر 13 فروری کو 'دہلی چلو' مارچ کے تحت احتجاج شروع کیا تھا۔ احتجاج کرنے والے کسانوں کو سیکورٹی فورسز نے پنجاب اور ہریانہ کی سرحد پر روک دیا۔ تب سے کسان پنجاب ہریانہ کی شمبھو اور کھنوری سرحدوں پرڈٹے ہوئے ہیں۔ کسانوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے چار ادوار بھی ناکام ہو گئے ہیں۔