ہندوستان، نفرت میں بھرے پولیس اہلکار نے نمازی کو ماری ٹھوکریں
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے علاقے اندرلوک میں پولیس اہلکار کے ذریعہ سڑک پر نماز ادا کرنے والے نمازیوں کو لات مارنے کے بعد صورت حال خراب ہوگئی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: اس پورے واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں پولیس اہلکار نماز کے دوران نمازی کو لات مارتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہلی پولیس کا ایک اہلکار نماز ادا کرنے والے نمازیوں کو لاتیں مار رہا ہے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دہلی پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا۔ دہلی نارتھ کے ڈی سی پی منوج مینا نے کہا کہ پولیس اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے اور اسے معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی پی منوج مینا نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
سڑک پر نماز پڑھ رہے لوگوں کو لات مارنے کے اس واقعے کے بعد لوگوں نے اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر احتجاج شروع کر دیا جس کے دوران مظاہرین نے اندرلوک پولیس چوکی کو گھیر لیا۔
اندرلوک پولیس چوکی کے باہر بھیڑ جمع ہونے کے پیش نظر پولیس چوکی کے باہر کا گیٹ بند کر دیا گیا ہے۔ چوکی کے باہر بھیڑ دہلی پولیس کے خلاف مسلسل نعرے لگا رہی ہے۔
دوسری جانب اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی نے اس ویڈیو کو ٹوئیٹ کرکے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ نماز پڑھتے ہوئے ایک شخص کو لات مارنے والا دہلی پولیس کا یہ سپاہی شاید انسانیت کے بنیادی اصولوں کو نہیں سمجھتا، یہ کیا نفرت ہے جو اس سپاہی کے دل میں بھری ہوئی ہے، دہلی پولیس سے کارروائی کی درخواست ہے۔ اس اہلکار کے خلاف مناسب دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے اس کی سروس ختم کی جائے۔