ہندوستان: پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کل
اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں انتخابی کمیشن کل، ہفتے کو، سہ پہر 3 بجے آئندہ پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق انتخابی کمیشن پارلیمانی انتخابات 2024 کی تاریخوں کا اعلان کل، ہفتے کو، سہ پہر کرے گا اور اطلاعات کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہی بعض ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔
جن ریاستوں میں الیکشن ہونے ہیں ان میں اوڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش شامل ہیں۔
ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ساتھ کمیشن میں شامل ہونے والے نئے الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ الیکشن کمشنروں کی پریس کانفرنس کو الیکشن کمیشن کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔
قبل ازیں جمعرات کو نئے الیکشن کمشنروں کی تقرری کے بعد آج، جمعہ کو، دونوں کمشنروں نے چارج سنبھال لیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعہ کی صبح دونوں الیکشن کمشنروں، گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو، کا خیرمقدم کیا۔ کمشنروں کے چارج سنبھالنے کے بعد آج تقریباً 11 بجے الیکشن کمیشن کی اہم میٹنگ ہوئی۔
واضح رہے کہ 2019 میں پارلیمانی انتخابات سات مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔ پچھلی بار الیکشن کمیشن نے 10 مارچ کو تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 11 اپریل کو اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ 19 مئی کو ہوئی تھی۔ نتائج 23 مئی کو جاری کئے گئے تھے۔ اس الیکشن کے وقت ملک میں 91 کروڑ سے زیادہ ووٹر تھے جن میں سے 67 فیصد نے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔