Mar ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۶ Asia/Tehran
  • دہلی کے وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف مظاہرے، کئی عآپ لیڈر گرفتاراور نظربند

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کو لے کر عام آدمی پارٹی نے آج وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف مظاہروں کی وجہ سے پولس نے کئی عآپ لیڈروں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
دہلی ایکسائز پالیسی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی کے لیڈران و کارکنان آج دارالحکومت دہلی میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پٹیل چوک میٹرو اسٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کر رہے عآپ کے لیڈران و کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ جبکہ عآپ کے لیڈروں کا الزام ہے کہ ان کے کارکنان کے گھروں پر پولیس جاکر انہیں ان کے گھروں میں ہی نظر بند کر رہی ہے۔

 مظاہرین نے سڑک پر لیٹ کر ’چکا جام‘ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ اس دوران عآپ کے کارکنان ’کیجریوال کو رہا کرو‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

جبکہ دوسری جانب کیجریوال سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی کے کارکنان نے بھی احتجاج کیا۔ بی جے پی کے لوگ ارون جیٹلی اسٹیڈیم ( فیروز شاہ کوٹلہ) سے دہلی سکریٹریٹ تک مارچ نکال کر کیجریوال کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں بی جے پی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جبکہ سکریٹریٹ کے پاس بی جے پی کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انڈیا الائنس نے AAP کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی حمایت میں 31 مارچ (اتوار) کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک میگا ریلی نکالنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ اس مہاریلی میں انڈیا اتحاد ملک کے عوام کے ساتھ متحد ہوکر اپنی جمہوریت کی حفاظت کرے گا۔ اس میگا ریلی میں انڈیا الائنس کی اتحادی جماعتوں کے زیادہ تر بڑے لیڈر شرکت کریں گے۔

 

ٹیگس