May ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • مسٹر مودی کا انتخابی ریلی میں انڈیا اتحاد کی جماعتوں پر مسلم نوازی کا الزام

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ریاست اترپردیش کے مشرقی اضلاع میں متعدد انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جمعرات کو بنارس کے پڑوسی ضلع جونپور اور اعظم گڑھ میں انتخابی جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کیا۔ مسٹر مودی نے اعظم گڑھ کے لال گنج پارلیمانی حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب ميں انڈیا اتحاد پر زبردست حملے کئے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم مسٹر مودی نے اس انتخابی ریلی میں بھی انڈیا اتحاد کی جماعتوں پر مسلم نوازی کا الزام لگایا اور ایک بار پھر دعوی کیا کہ اگر انڈیا اتحاد الیکشن جیت گیا تو بقول ان کے شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب کا ریزرویشن ختم کرکے مسلمانوں کو دے دے گا۔ مسٹر مودی نے اسی کے ساتھ اپنی تقریر میں سی اے اے کا دفاع کیا اور بی جے پی کو دلتوں کی حامی جماعت قرار دیا ۔

مسٹر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر رہنما ایسی حالت ميں انڈیا اتحاد کو مسلم نواز اور دلتوں کا مخالف قرار دیتے ہیں کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں اور بعض صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دلتوں پر سب سے زیاد مظالم مسٹر مودی کی سربراہی میں بی جے پی حکومت میں ہوئے ہیں ۔ ان حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل بعض جماعتوں نے مسلمانوں کے لئے ریزرویشن کی بات ضرور کی ہے لیکن انھوں نے یہ کبھی نہیں کہا ہے کہ دلتوں کا ریزرویشن ختم کرکے مسلمانوں کو دیں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چند روز قبل ریاست یوپی کے بنارس پارلیمانی حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔

ٹیگس