چھٹے مرحلے کی انتخابی مہم کے لئے دہلی میں حکمراں اور اپوزیشن اتحاد کی ریلیاں
ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کی جاری مہم کے دوران کل ہفتے کے روز دہلی میں ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے تو دوسری طرف کانگریس رہنما راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے جلسۂ عام میں تقریریں کیں-
سحرنیوز/ ہندوستان: سنیچر کی شام مشرقی دہلی کے علاقے بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی ریلی میں مسٹر مودی نے کہا کہ یہ انتخاب دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کے بارے میں ہے یہ ملک کی معیشت کو ان طاقتوں سے بچانے کا انتخاب ہے جو اپنی اقتصادی پالیسیوں سے ہندوستان کو دیوالیہ کرنا چاہتے ہيں- وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے چار نسلوں سے دہلی پر حکومت کی لیکن آج اس کے پاس دہلی کی چار سیٹوں پر مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے-
دوسری جانب کانگریس رہنما راہل گاندھی نے دہلی میں واقع رام لیلا میدان میں ایک بڑے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ہندوستانی آئین کی حفاظت کرنا ہے، کیونکہ یہی آپ کا مستقبل ہے۔ اگر آئین ختم ہو گیا تو ملک کے غریبوں، مزدوروں، دلتوں سے ان کے حقوق چھین لیے جائیں گے۔ انہوں نے ججوں اور صحافیوں کے ذریعہ نریندر مودی کو مباحثہ کے لیے مدعو کیے جانے کا خط لکھے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ میں نریندر مودی سے مباحثہ کے لیے کسی بھی وقت تیار ہوں، لیکن نریندر مودی مجھ سے مباحثہ نہیں کریں گے کیوں کہ وہ میرے سوالوں سے ڈرتے ہیں-
واضح رہے کہ دہلی کی سات سیٹوں پر چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہوگي - جبکہ پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم کل ہفتے کی شام کو ختم ہوگئی اور اب کل پیر کو ووٹ ڈالے جائيں گے