ہندوستان میں قتل کیے گئے بنگلادیش کے رکن اسمبلی کی لاش کے حوالے سے خوفناک تفصیلات
ہندوستان میں قتل کیے گئے بنگلادیش کے رکن اسمبلی کی لاش کے حوالے سے خوفناک تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ بنگلادیشی رکن اسمبلی انوار العظیم کو کولکتہ شہر میں قتل کیا گیا جس کے بعد لاش کے ٹکڑے کر کے پلاسٹک بیگز میں انہیں مختلف جگہوں پر پھینکا گیا۔ ہندوستان کی سکیورٹی ایجنسی کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش کے رکن پارلیمنٹ انوار العظیم تیرہ جبکہ بعض کے مطابق اٹھارہ مئی سے لاپتہ تھے۔ اطلاعات ہیں کہ قتل کی واردات میں مبینہ طور پر شامل ایک بنگلادیشی شخص کو گرفتار کیا ہے جو کہ غیر قانونی طریقے سے بھارت میں رہ رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جہاد حوالدار نامی ملزم نے کولکتہ کے ایک اپارٹمنٹ میں بنگلادیشی رکن اسمبلی کے قتل اور لاش کے ٹکڑے کرنے میں ملوث ہونے مبینہ طور پر اعتراف کیا ہے اور بتایا ہے کہ قتل کی واردات کا ماسٹر مائنڈ بنگلادیشی نژاد امریکی شہری اختر الزمان تھا جس کے حکم پر چار دیگر بنگلادیشی شہریوں کے ساتھ مل کر نیو ٹاؤن اپارٹمنٹ میں رکن اسمبلی کو قتل کیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے رکن پارلیمنٹ انوارالعظیم انار کے قتل کی خبریں بائیس مئی کو سامنے آئیں۔ کولکاتا پولیس نے بائیس مئی کو شہر کے ایک فلیٹ سے ان کی لاش برآمد کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انوارالعظیم علاج کے لیے ہندوستان آئے تھے اور انھوں نے کچھ میڈیکل ٹیسٹ بھی کروائے تھے۔