May ۲۵, ۲۰۲۴ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لئے آج ووٹنگ جاری

ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لئے ووٹنگ صبح سات بجے سے شروع ہو گئی ہے اس مرحلے میں چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اٹھاون سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق آج چھٹے مرحلے میں دہلی کی سات ، اتر پردیش کی چودہ، بہار کی آٹھ، مغربی بنگال کی آٹھ ، ہریانہ کی دس، جھارکھنڈ کی چار ، اوڈیشہ کی چھ اور جموں و کشمیر کی ایک نشست پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

در ایں اثنا چھٹے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران مغربی بنگال میں تشدد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مشرقی مدنی پور کے مہیشا دل میں گزشتہ شب انتخابی رنجش کے سبب ٹی ایم سی کے ایک کارکن کو قتل کر دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بی جے پی کے پانچ  کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی ضلع کے ایک اور ٹی ایم سی کارکن پر حملہ کیا گیا، جو شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے گذشتہ پانچ مرحلوں میں 62.2 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 428 نشستوں پر پانچ مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی۔ آج چھٹے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ یکم جون کو ہوگی اور نتائج چار جون کو آئیں گے۔

 

ٹیگس