100 سال پہلے سمندر میں ڈوبے ایک جہاز کے ملبے سے ہندوستان سے متعلق ملی ایسی چیزیں جو اب ہزاروں میں ہوں گی نیلام
لندن کے نوننز مے فیئر آکشن ہاؤس میں دو ایسے انڈین کرنسی نوٹوں کی نیلامی ہوگی جو 1918 میں ڈوب جانے والے ایک جہاز سے برآمد ہوئے تھے، یہ جہاز جرمن بحریہ کے ایک تارپیڈو کا نشانہ بنا تھا۔
سحر نیوز/ہندوستان: ایس ایس شِرالا گولا بارود، کرنسی نوٹ اور مارملیڈ لے کر ممبئی سے لندن جارہا تھا، آئر لینڈ کے پانیوں میں جہاز کے ملبے سے جو چند چیزیں برآمد ہوئی ہیں اُن میں اُس وقت کے دو انڈین کرنسی نوٹ بھی شامل ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ دس روپے مالیت کے اِن دو کرنسی نوٹوں کی نیلامی 29 مئی کو لندن میں ہوگی، ورلڈ بینک نوٹس سیلز کے تحت کی جانے والی اس نیلامی میں یہ دونوں کرنسی نوٹ 2 ہزار سے 2 ہزار 600 پاؤنڈز میں فروخت ہونے کی توقع ہے۔
دونوں انڈین کرنسی نوٹ 25 مئی 1918 کو جاری کیے تھے اور جس جہاز پر یہ دوسرے سامان کے ساتھ لادے گئے تھے، وہ 2 جولائی کو ایک جرمن تارپیڈو کا نشانہ بننے کے بعد ڈوب گیا تھا، لندن میں ہونے والی اِسی نیلامی میں برطانوی دور کا 100 روپے کا انڈین نوٹ بھی پیش کیا جائے گا جو 4 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ میں فروخت ہوسکتا ہے۔