ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع ہاتھرس میں مذہبی تقریب میں بھگدڑ، 100 سے زيادہ ہلاک ، کئی زخمی
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک مذہبی تقریب کے دوران آج زبردست بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثہ میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور کئی سنگین طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ہاتھرس کے سکندرا راؤ تھانہ علاقے میں علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شامل ہے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
شروعاتی رپورٹ میں ایٹہ کے سی ایم او (چیف میڈیکل آفیسر) اومیش کمار ترپاٹھی نے ستسنگ کے دوران 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوسٹ مارٹم ہاؤس میں اب تک 27 لاشیں آ چکی ہیں۔ جن میں 23 خواتین، ایک مرد اور تین بچے شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مزید معلومات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ بادی النظر میں یہ سانحہ بھگدڑ مچنے کی وجہ سے پیش آیا-
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہاتھرس میں حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔