ہندوستانی پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی تیاری
ہندوستان کے ایوان زیریں لوک سبھا کے مانسون اجلاس سے قبل اسپیکر اوم برلا نے پارلمانی ایجنڈا طے کرنے کے لئے بزنس ایڈوائزری تشکیل دے دی ہے جس میں کئی پارٹیوں کے لیڈران کو شامل کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق یہ اجلاس اگلے ہفتے شروع ہوگا جس کے دوران حکومت کی طرف سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے بل سمیت چھ نئے بل پیش کئے جائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فنانس بل کے علاوہ، حکومت نے شہری ہوابازی کے شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ائیرکرافٹ ایکٹ انیس و چونتیس کی جگہ انڈین ایئر کرافٹ بل دوہزار چوبیس کو بھی فہرست بند کیا ہے۔
بلوں کی فہرست جمعرات کی شام لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ پارلیمنٹ بلیٹن میں شائع کی گئی۔ مانسون اجلاس بائس جولائی سے شروع ہوگا اور بارہ اگست تک جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن تیتیس جولائی کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔
حکومت نے آئندہ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل اتوار اکیس جولائی کو کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر اس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اپوزیشن اپنے مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھے گی۔