ہندوستان میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کو دینے کا مطالبہ
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر حکومت سے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کو دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آج اتوار کو کل جماعتی اجلاس میں کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کو دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق مانسون اجلاس شروع ہونے سے ایک دن قبل حکومت کے طلب کردہ کل جماعتی اجلاس میں کاںگریس پارٹی کے لیڈرمسٹر گوگوئی نے کہا کہ حکومت کو ہندوستان کی پارلیمانی روایت پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کو دینا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر گوگوئی ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے ڈپٹی لیڈر ہیں۔ انہوں نے اسی کے ساتھ مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ مانسون اجلاس میں بے روزگاری، مہنگائی، این ای ای ٹی پیپر لیک معاملے اور کسانوں کے مسائل پر بحث کرائی جائے۔