Aug ۰۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ہندوستان میں آج پانچ اگست کے روز بی جے پی جماعت نے جموں کشمیر میں آرٹیکل تین سو ستر کی منسوخی کو پانچ سال مکمل ہونے پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اپوزیشن اسے یوم سیاہ کا نام دے رہا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: پانچ سال قبل پانچ اگست دو ہزار انیس کو بی جے پی کی قیادت والی ہندوستان کی مرکزی حکومت نے آرٹیکل تین سو ستر کو منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد جموں و کشمیر سے اس کی خصوصی حیثیت اور ریاست کا درجہ چھین کر اس ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق آج پانچ اگست کو آرٹیکل تین سو ستر کی منسوخی کے پانچ سال مکمل ہونے پر جموں و کشمیر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اس موقع پر بی جے پی نے آج جموں کشمیر میں ایکاتما مہوتسو سے موسوم ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے برعکس، کانگریس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اس موقع پر تقریبات منعقد کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے ہندوستان کی تاریخ کا "یوم سیاہ" قرار دیا۔

پی ڈی پی کے ایک مقامی لیڈر کے مطابق گاندھی نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد کشمیری عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور وہاں مقامی سیاسی رہنماؤں نے حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان میں آج کے دن کو یوم استحصال کشمیر کے نام سے منایا جا رہا ہے جبکہ دنیا کے دیگر شہروں میں مقیم کشمیری بھی اس مناسبت سے احتجاج کر رہے ہیں۔

ٹیگس