جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کی فہرست جاری
ہندوستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے نو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے کانگریس کی جاری کردہ پہلی فہرست میں جموں و کشمیر کے تین سابق صدور کو ٹکٹ جاری ہوا ہے جن میں غلام احمد میر، پیرزادہ محمد سعید اور وقار رسول وانی شامل ہیں۔
امیدواروں کی فہرست جاری ہونے سے چند گھنٹے قبل کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈروں کے درمیان اسمبلی انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد دونوں پارٹیوں نے سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق کیا ۔ اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال، سلمان خورشید اور جموں و کشمیر یونٹ کے صدر طارق حمید قرہ نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کا کل نوّے میں سے پچاسی نشستوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور باقی پانچ نشستوں پر 'دوستانہ مقابلہ' ہوگا۔ تقسیم کی گئی پچاسی سیٹوں میں سے اکاون سیٹوں پر نیشنل کانفرنس الیکشن لڑے گی، جب کہ کانگریس بتیس سیٹوں پر اور باقی دو سیٹوں سے سی پی آئی-ایم اور پینتھرس پارٹی ایک ایک سیٹ پر الیکشن لڑیں گی۔