Sep ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ مغربی بنگال اسمبلی میں اپراجیتا بل پاس

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگا ل اسمبلی نے کل اپوزیشن بی جے پی کی ہنگامہ آرائی کے دوران اپراجیتا وومن اینڈ چائلڈ (ویسٹ بنگال کریمنل لاز ترمیمی) بل دو ہزار چوبیس پاس کردیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق بل پیش کرتے ہوئے ریاست کی وزیراعلی ممتابنرجی نے کہا کہ ’’انسداد عصمت دری بل کا مقصد فوری تحقیقات، انصاف کی فراہمی میں تیزی اور سزا کو بڑھانا ہے۔ مجوزہ قانون میں عصمت دری کے مرتکب افراد کے لیے سزائے موت کا انتظام کیا گیا ہے۔ اگر متاثرہ فرد کی موت یا پھر اس کی حالت خراب ہوجاتی ہے تو بھی سزائے موت کی تجویز رکھی گئی ہے۔
مغربی بنگال اسمبلی نے مختصر بحث کے بعد متفقہ طور پر بل منظور کو کیا اور اپوزیشن نے ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس حکومت کو مکمل سپورٹ فراہم کی۔اس موقع پر ممتا بنرجی نے کہا کہ آر جی کار ریپ و قتل کیس کے ملزم سنجے رائے پھانسی کی سزا دی جائے، انہوں نے سی بی آئی سے انصاف فراہم کرنے کو کہا۔
انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ اور اتر پردیش و گجرات کے وزرائے اعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جو خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
یاد رہے کہ نو اگست دو ہزار چوبیس کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں اکتیس سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔

ٹیگس