ہندوستان؛ جموں و کشمیر میں ریاستی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع
ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر اسمبلی کے نوے حلقوں میں سے چوبیس حلقوں میں آج پولنگ صبح سات بجے سخت حفاظتی انتظامات میں شروع ہوئی جو شام چھے بجے تک جاری رہے گی۔ پہلے مرحلے میں سات اضلاع ڈوڈا، رامبن، کشتواڑ، اننت ناک، پلوامہ، شوپیاں اور کلگام کی چوبیس نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے جس کے لیے دو سو انیس امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ووٹروں کی مجموعی تعداد تئیس لاکھ ستائیس ہزار پانچ سو اسی ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل تین سو ستر کی منسوخی کے بعد ریاست میں پہلی بار ریاستی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ یہ آرٹیکل جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت عطا کرتا ہے۔ انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعت کانگریس نے وعدہ کیا ہے وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے گی۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرٹیکل تین سو ستر کی منسوخی کے بعد مودی نے کشمیر میں ظالمانہ سیاست کی جبکہ ہندوستان کے وزیر داخلہ اور بی جے پی کے مرکزی رہنما امیت شاہ نے کہا ہے کہ آرٹیکل تین سو ستر اب تاریخ کا حصہ ہے یہ بحال نہیں ہو سکتا۔