Sep ۲۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے کسی حصے کو پاکستان نہیں کہا جا سکتا: سپریم کورٹ

ہندوستان سپریم کورٹ نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان کے کسی بھی حصے کو 'پاکستان' نہیں کہا جا سکتا کیونکہ یہ ملک کی علاقائی سالمیت کے خلاف ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس بی آر گاوائی، جج سوریہ کانت اور رشی کیش رائے پر مشتمل آئینی بنچ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے جج جسٹس وی سریشانند کی طرف سے ایک معاملے کی سماعت کے دوران بنگلورو کے ایک حصے کو پاکستان کہنے کے معاملے میں از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے سخت لہجے میں یہ تبصرہ کیا۔ آئینی بنچ نے تاہم اس معاملے میں جسٹس سریشانند کے عام معافی مانگنے کے پیش نظر، ان کے خلاف شروع کی گئی ازخود نوٹس کارروائی کو بند کر دیا۔
آئینی بنچ نے کہا کہ جسٹس سریشانند نے اپنی دو مختلف کارروائیوں کے دوران بنگلورو کے ایک حصے کو پاکستان بتانے اور ایک خاتون وکیل کے خلاف ذاتی ریمارکس دینے پر معذرت کی ہے۔ اس کے پیش نظر ان کے خلاف ازخود نوٹس کارروائی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بنچ نے کہا ججوں کے طور پر ہماری زندگی کے تجربات پر مبنی رجحانات ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک جج کو اپنے رجحانات سے بھی آگاہ ہونا چاہیے۔ اس طرح کے شعور کی بنیاد پر ہی ہم غیر جانبداری فراہم کرنے کے اپنے فرض سے وفادار ہو سکتے ہیں۔ ہنگامی مشاہدات تعصب کی ایک حد تک نشاندہی کر سکتے ہیں، خاص طور پر جب وہ کسی صنف یا برادری کے خلاف ہوں۔
جسٹس سریشانند کو ایک الگ معاملے میں ایک خاتون وکیل کے خلاف صنفی غیر حساس تبصرہ کرتے ہوئے بھی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا 'ایکس' پر بہت سے لوگوں نے ان کے تبصروں پر اعتراض کیا تھا۔

ٹیگس