Nov ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کل جماعتی میٹنگ کس مقصد کے تحت؟

ہندوستان میں مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن سے پہلے چوبیس نومبر کو کل جماعتی میٹنگ طلب کرلی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے میٹنگ کی خبر اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں دی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ کل جماعتی میٹنگ پارلیمنٹ کے اجلاس سے پہلے روایتی طور پر بلائی گئی ہے۔ ہندوستان کے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور نے بتایا کہ پارلیمنٹ کا موسم سرما کا سیشن پچیس نومبر سے شروع ہورہا ہے جو بیس دسمبر تک جاری رہے گا۔

انھوں نے بتایا کہ سرمائی سیشن شروع ہونے سے پہلے کل جماعتی میٹنگ کا مقصد، حزب اختلاف کو اجلاس کے ایجنڈے کی اطلاع دینا اور بحث کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

کرن رجیجو نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے دوران آئین ہند کی پچھترویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروگرام پارلیمنٹ کی پرانی عمارت میں منعقد ہوگا۔

ٹیگس