ہندوستان: آئین کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ
ہندوستان کی لوک سبھا میں آج ملک میں آئین کو اپنانے کے پچھترویں سال کے آغاز کے موقع پر دو روزہ بحث کا آغاز ہوا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو لوک سبھا میں آئین پر دو روزہ بحث کا جواب دیں گے۔ ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں ہندوستان کے آئین کو ملک کے عام شہریوں کے لئے انصاف، اظہار رائے کی آزادی اور حقوق کی حفاظتی ڈھال قرار دیا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ لوگوں کے تحفظ کی اس ڈھال کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔
رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں پرینکا گاندھی نے اناؤ میں عصمت دری، آگرہ کے ارون والمیکی پر تشدد اور فسادات میں ایک مسلمان درزی کی گولی سے موت جیسے مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دس سالہ اقتدار میں آئين کی حفاظتی ڈھال کو توڑنے کی کوشش کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے ہندوستان کے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام خوفزدہ ہيں، اتر پردیش کی حکومت نے احتجاج کرنے والی خواتین کو غدار قرار دیا ہے اور میڈیا مشین جھوٹ پھیلا رہی ہے۔
واضح رہے کانگریس رہنما پرینکا گاندھی کی پہلی تقریر کو ہندوستانی میڈیا میں بڑے پیمانے پر کوریج دی جا رہی ہے۔