ریاست کے درجے کی بحالی کی امید؛ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعلی عمرعبداللہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعلی عمرعبداللہ نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بہت جلد بحال کیا جائے گا
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی نیوز ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے پاس ایک سال کا وقت کافی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے دفعہ تین سو ستر کے بارے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے حکومت ہند کو ریاست کا درجہ جلد بحال کرنے کی ہدایت دی تھی۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اکتوبر دوہزارچوبیس میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر حصہ لیا اور جس کی حکومت ہند کی طرف سے کافی پذیرائی ہوئی لہذا اس کے بدلے میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی امید ہے کہ انہیں انتخابات میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کا صلہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت نے الیکشن سے پہلے لوگوں سے جو وعدے کئے ہیں ہم ان کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔میڈیا اداروں کے کام کاج کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ میں آزاد میڈیا اداروں کو دیکھنا چاہوں گا جو بغیر کسی مداخلت اور دباؤ کے کام کریں گے۔