ہندوستان: راجیہ سبھا سےاپوزیشن کا واک آؤٹ
مہا کمبھ میں بدانتظامی کا الزام لگاتے ہوئے اپوزیشن نے راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کر دیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان آج راجیہ سبھا میں پریاگ راج میں مہاکمبھ کے دوران بدانتظامی کا الزام لگاتے ہوئے ایوان کی کارروائی سے واک آؤٹ کرگئے۔آج صبح چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے ایوان کی کارروائی شروع کی تو کانگریس کے پرمود تیواری بولنے کے لیے کھڑے ہوگئے۔ چیئرمین نے انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی اور قانون سازی کا کام شروع کر دیا۔ کارروائی کے دوران مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ کانگریس کے پرمود تیواری، دگ وجے سنگھ اور رنجیت رنجن، ترنمول کانگریس کی ساگریکا گھوش، سماج وادی پارٹی کے جاوید خان اور رام جی لال سمن اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جان برٹاس نے پریاگ راج میں مہا کمبھ میں بدنظمی کا ذکر کرتے ہوئے رول 267 کے تحت نوٹس دیئے ہیں، جنہیں التزامات کے مطابق نہ ہونے کے وجہ سے مسترد کردیاگیا ہے۔ جس کے بعد کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔ دریں اثناء چیئرمین نے اراکین سے کہا کہ وہ ان کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملے کے تحت اپنے بیانات دیں۔ اپوزیشن ارکان ایوان میں اونچی آواز میں بولتے رہے۔ اس کے بعد کانگریس اور اپوزیشن ارکان ایوان کی کارروائی سے واک آؤٹ کر گئے۔