ہندوستان: نماز جمعہ پر پولیس افسر کا متنازع بیان
ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے شہر سنبھل کے ایک پولیس افسر نے نماز جمعہ کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیا ہے جس سے حالات کشیدہ ہو گئے ہیں
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ جمعرات کو سنبھل کوتوالی پولیس اسٹیشن میں آئندہ ہولی کے تہوار کے پیش نظر امن کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئي جو اتفاق سے ماہِ مبارک رمضان میں جمعے کے دن ہی آرہی ہے۔
ہندوستان کے اس پولیس افسر نے سال میں ایک بار ہولی آنے اور باون بار نماز جمعہ ادا کئے جانے مبنی متنازعہ بیان دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کسی نے ہولی کے دن مذہبی ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پولیس افسر کے اس بیان پر ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے پولیس افسر کے متنازعہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران بی جے پی کے رہنماؤں سے جو کچھ سنتے ہیں اس کی نقل کر رہے ہیں، ایسے بیانات دینے والوں اور کھلم کھلا تعصب کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔