ہندوستان: بہار انتخابات میں آدھار قبول کرنا ہی ہوگا ، سپریم کورٹ
ہندوستانی سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو سخت ہدایت دی ہے کہ ریاست بہار کے انتخابات میں آدھار قبول کرنا ہی ہوگا ۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ آف انڈیا نے جمعہ کو بہار اسمبلی انتخابات سے قبل جاری انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو سخت ہدایت دی کہ وہ حذف شدہ ووٹروں کے دعوؤں کو آدھار کارڈ یا کسی بھی دیگر قابل قبول گيارہ دستاویزات کے ساتھ قبول کرے۔ عدالت نے زور دیا کہ یہ تمام عمل ووٹروں کے لیے آسان اور سہل ہونا چاہیے اور آن لائن دعوؤں کی سہولت بھی دستیاب ہو۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی صلاح کے باوجود آدھار کو قبول کرنے سے انکار کیا تھا، جس کی وجہ سے حزب اختلاف اور سماجی کارکن سب سے زیادہ احتجاج کر رہے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ اگر آدھار قبول نہ کیا گیا تو پسماندہ طبقات، خاص طور پر دلت، آدیواسی اور مسلمان بڑے پیمانے پر حق رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے ۔