Sep ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  • ایس جے شنکر کی عالمی اداروں کی ناکامی پر تشویش

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور عالمی اداروں کے ناکارہ ہوتے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 سحرنیوز/ہندوستاننیویارک دورے کے دوران ہم خیال گلوبل ساؤتھ ممالک کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے عالمی اداروں کے ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں میں انتہائی ضروری اصلاحات میں تاخیر کے نتائج سب پر عیاں ہیں۔
ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کووڈ نائنٹین کی وبا، یوکرین اور غزہ میں دو بڑے تنازعات، انتہائی موسمیاتی واقعات، تجارتی عدم استحکام، سرمایہ کاری کی روانی، شرح سود کی غیر یقینی صورتحال اور پائیدار ترقی کے اہداف کے ایجنڈے کی سست پیش رفت نے بڑے چیلینجز پیدا کر دئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کثیر جہتی کی طرف رجوع کرنے پر مجبور ہیں مگر بدقسمتی سے کثیر جہتی تصور ہی اب خطرے میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں غیر موثر ہو رہی ہیں یا وسائل کی رکاوٹوں کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہیں جبکہ عصری نظام کی بنیادیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں۔

 

ٹیگس