اپنے یوم پیدائش پر بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے مداحوں کو دیا زبردست تحفہ، مداح خوشی سے جھوم اٹھے
بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان آج 2 نومبر کو اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور ملک اور دنیا کے کے کونے کونے سے ان کو مبارکباد کے لا تعداد پیغامات مل رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان : ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان نے اپنے خاص دن پر مداحوں کو زبردست تحفہ دیا ہے، دراصل انہوں نے 2 نومبر کو اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا ہے۔ فلم کا ٹیزر اتنا شاندار ہے کہ شاہ رخ خان کے لُک اور ایکشن سے نظر ہٹا پانا مشکل ہو رہا ہے، ٹیزر دیکھنے کے بعد مداح خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔ شاہ رخ خان ہندوستان کے ایک ایسے مسلم اداکار ہیں جن کی شہرت ملک کے ساتھ-ساتھ پوری دنیا میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ کئی بار انھیں مسلمان ہونے کی وجہ سے مشکلوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا ٹیزر 1 منٹ 12 سکنڈ کا ہے۔ ٹیزر میں انہیں زبردست ایکشن کرتے دیکھا گیا ہے اور اس میں استعمال کیے گئے ڈائیلاگ فلم میں کردار کی شخصیت کو مزید نکھار رہے ہیں۔ ٹیزر میں ’ڈر نہیں، دہشت ہوں، سو ملکوں میں بدنام، دنیا نے دیا صرف ایک نام، کنگ‘ جیسے بہترین ڈائیلاگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ ٹیزر میں شاہ رخ جیل سے باہر نکلتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ مجموعی طور پر فلم میں ان کا شاندار ایکشن دیکھنے کو ملے گا، لیکن اس کے لیے مداحوں کو اگلے سال کا انتظار کرنا ہوگا، کیونکہ فلم 2026 میں ریلیز ہوگی۔ فلم کو سدھارتھ آنند ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔