ہندوستان: شاہ رخ خان کی زبان کاٹنے پر ایک ہندو تنظیم نے ایک لاکھ روپے کا انعام رکھ دیا، کانگریس اور عآپ کی بی جے پی پر شدید تنقید
ہندوستان کی ایک ہندو شدت پسند تنظیم ہندو مہا سبھا نے معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی زبان کاٹنے پر ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو اپنی آئی پی ایل ٹیم کے لیے ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو خریدنے پر مسلسل احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق شدت پسند ہندو تنظیم "آل انڈیا ہندو مہاسبھا" نے عالمی شہرت یافتہ بالی وڈ سُپراسٹار شاہ رخ خان کی جانب سے آئی پی ایل میں بنگلہ دیشی کھلاڑی کو خریدنے پر شدید احتجاج کیا ہے اور شاہ رخ خان کی زبان کاٹنے پر ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس انعام کا اعلان تنظیم کے ایک رکن میرا راٹھور نے کیا ہے۔
اس سے پہلے بی جے پی کے ایک علاقائی لیڈر سنگیت سوم نے شاہ رخ خان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی اپنی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیے بنگلہ دیش کے ایک کھلاڑی کو خریدنے پر غدارتک کہہ دیا تھا۔
بی جے پی کے لیڈر سنگیت سوم نے شاہ رخ خان پر غداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ شاہ رخ خان ملک میں کمائی ہوئی رقم بنگلہ دیشیوں کو نہیں دے سکتے جو ہندوستانیوں سے نفرت اور تشدد کرتے ہیں۔ انہیں یہ غلطی کسی قیمت پر نہیں کرنی چاہیے تھی۔
سنگیت سوم نے خبردار کیا کہ شاہ رخ خان نے بنگلہ دیشی کھلاڑی کو خرید لیا ہے لیکن وہ ہندوستان میں قدم نہیں رکھ پائیں گے۔
بی جے پی لیڈر سنگیت سوم کا تعلق ریاست اتر پردیش سے ہے اور وہ اس ریاست کے سابق ایم ایل اے ہیں۔
ادھر کانگریس پارٹی کے رہنما سریندر راجپوت نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود یہ ایک "غدار" پارٹی ہے۔ انہوں نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ "وہ شاہ رخ خان پر صرف اس لیے حملہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔"
دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر سنجے سنگھ نے بھی اس سلسلے میں بی جے پی پر شدید تنقید کی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ "اگر بنگلہ دیشی کھلاڑی رکھنے پر شاہ رخ خان غدار ہے تو ، بقول ان کے، شیخ حسینہ کو رکھنے پر مودی کیا ہے۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو آئی پی ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران شاہ رخ خان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو 9 اعشاریہ 2 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔