ہندوستان: بنگال میں ایس آئی آر کےخلاف ممتا بنرجی میدان میں
ہندوستان کی ترنمول کانگریس پارٹی ٹی ایم سی نے سپریم کورٹ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف عرضی دائر کی ہے
سحرنیوز/ہندوستان: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے مغربی بنگال میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پورا عمل غیرمنصفانہ ہے اور دوہزاردو کی پرانی ووٹر لسٹ کو بنیاد بنانا قانونی طور پر غلط ہے۔
ٹی ایم سی کے رکن پارلیمان اور کلکتہ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کلیان بنرجی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی سپریم کورٹ میں دو بنیادی سوال اٹھائے گی۔
پہلا یہ کہ الیکشن کمیشن نے جو دوہزاردو کی ووٹر فہرست کو موجودہ عمل کی بنیاد کے طور پر قبول کیا ہے، وہ ناقابل قبول ہے کیونکہ دوہزار آٹھ میں ہونے والی حلقہ بندی کے بعد پورا انتخابی نقشہ بدل چکا ہے۔
دوسرا سوال یہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن نے کس بنیاد پر کچھ ووٹروں کے نام حذف کیے یا انہیں نئے سرے سے رجسٹریشن کے لیے کہا، جب کہ وہی لوگ دوہزارچوبیس کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈال چکے ہیں۔تو پھر اسے دوبارہ رجسٹریشن کے لیے کہنا یا اس کا نام ہٹانا غیر منطقی اور غیر قانونی ہے۔