ہندوستانی کرکٹر ایشان کشن نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کیوں کہا؟
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i456582-ہندوستانی_کرکٹر_ایشان_کشن_نے_’بسم_اللہ_الرحمٰن_الرحیم_کیوں_کہا
افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں ایک سوال کا جواب دینے سے پہلے ہندوستانی کرکٹر ایشان کشن نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کہا لیکن کیوں کہا؟ اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔
(last modified 2026-10-21T07:55:27+00:00 )
Sep ۱۷, ۲۰۲۶ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستانی کرکٹر ایشان کشن نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کیوں کہا؟

افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں ایک سوال کا جواب دینے سے پہلے ہندوستانی کرکٹر ایشان کشن نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کہا لیکن کیوں کہا؟ اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ٹیم نے افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز میں 0-2 کی سبقت حاصل کر لی ہے اور آج تیسرا ٹی-20 مقابلہ کھیلا جانا ہے۔ اس مقابلہ سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستانی ٹیم کے لیے عشائیہ کا انعقاد کیا جس میں سبھی کھلاڑی نہایت خوشگوار ماحول میں اپنے تجربات سامنے رکھتے نظر آئے۔

افغانستان کرکٹ ٹیم نے 16 ستمبر کی رات منعقد ہوئی اس محفل کو ’کوہِ ظفر‘ نام دیا تھا۔ اس محفل میں بی سی سی آئی کے اہم عہدیداران اور کئی ہندوستانی کھلاڑی موجود تھے۔

اس محفل میں کئی مواقع ایسے آئے جب لوگ ہنسنے پر مجبور ہو گئے لیکن ایک لمحہ ایسا آیا جس نے سبھی کی توجہ اپنی طرف کھینچی۔ دراصل ایک سوال کا جواب دینے سے پہلے ایشان کشن نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کہا۔ ایشان سے سوال پوچھا گیا تھا کہ ’’افغانستان کے کھلاڑیوں کے جوش و جنون میں آپ کو سب سے زیادہ کیا چیز متاثر کرتی ہے؟‘‘ جواب میں انھوں نے کہا ’’فرسٹلی (سب سے پہلے) بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘‘۔ ایشان کی زبان سے بسم اللہ سنتے ہی ان کے قریب بیٹھے شریئس ایر اور ابھیشیک شرما کے ساتھ ساتھ افغان کھلاڑی بھی ہنسے بغیر نہیں رہ سکے۔

قابل ذکر ہے کہ کرکٹ میچ کے بعد انعامات تقسیم کی جانے والی تقریب میں جب بھی افغان کھلاڑیوں کا انٹرویو لیا جاتا ہے تو وہ ’فرسٹلی بسم اللہ الرحمن الرحیم‘ یا ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ کہتے ہیں اور پھر اپنا جواب پیش کرتے ہیں۔ غالباً یہی بات ایشان کشن کے ذہن میں تھی، اس لیے جب ان سے افغان کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے تجربات پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو افغان کھلاڑیوں کے ہی اسٹائل میں ابتدا انھوں نے ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘ سے کی۔ بعد ازاں انھوں نے افغان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’افغانستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ خوشگوار ہوتا ہے کیونکہ ہم میں سے بہت سے کھلاڑی آئی پی ایل میں بھی ان کے ساتھ کھیل چکے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کتنے شاندار انسان ہیں۔ ان سے ہمیشہ کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔‘‘

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel