ہنگری کے ڈپٹی اسپیکر سے ایران کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات
Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ہنگری کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی راہوں کا جائزہ لیا ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق یورپ اور امریکہ کے امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے جمعرات کو ہنگری کے ڈپٹی اسپیکر یانوش لاتورسای سے ملاقات میں امید ظاہر کی کہ ایران اور ہنگری اپنے اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات کو فروغ دیں گے-مجید تخت روانچی نے داعش اور اس دہشت گرد گروہ کے خطرات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ داعش کو جنم دینے میں جن طاقتوں کا کردار رہا ہے وہ کچھ نمائشی اقدامات اور اس گروہ پر فضائی حملے کر کے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعوی نہیں کر سکتیں- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے اقدامات صرف مشرق وسطی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ وہ یورپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے-
اس ملاقات میں ہنگری کے ڈپٹی اسپیکر نے ایران کے ساتھ ہمہ گیر تعاون کے فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتہ تہران کے بارے میں عالمی برادری کے موقف میں تبدیلی کا باعث بنا ہے-