عراق کے وزیر خزانہ کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
-
ہوشیار زیباری اور جواد ظریف
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور عراق کی اقوام کے مفادات کی تکمیل کے لئے دو طرفہ تعاون کے امکانات سے زیادہ سے زیادہ استفادے کو ضروری قرار دیا ہے
عراق کے وزیرخزانہ ہوشیار زیباری نے اتوار کو تہران میں ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی-محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ اقتصادی اورتجارتی تعلقات کی تقویت اور ان کے فروغ کے لئے تیار ہے-
انہوں نے ایرانی وعراقی حکومت اور عوام کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا-
اس ملاقات میں عراقی وزیراقتصاد و خزانہ ہوشیار زیباری نے دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک اور تاریخی مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دہشت گردی سے مقابلے اورعراق میں قومی اتحاد و یکجہتی کی تقویت کے سلسلے میں ایران کی طرف سے عراقی حکومت اورعوام کی حمایت کو سراہا- ہوشیارزیباری نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ایران اورعراق کے تعلقات کو فروغ پذیر قراردیا اورامید ظاہرکی کہ ان تعلقات میں توسیع پیدا ہوگی-
انہوں نے ایٹمی مذاکرات میں کامیابی پرایرانی حکومت و عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ویانا ایٹمی معاہدے کو معقول، مفید اور علاقے اور ملت ایران کے مفاد میں بتایا-