امریکی اور اماراتی حکام کے دعووں پر ایران کا ردعمل
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
-
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ تہران کے خلاف بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے اچھی ہمسائیگی اور بھائی چارے کا رویہ اختیار کریں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہفتے کی رات، نامہ نگاروں سے بات چیت میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی-مارک ٹونر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اور متحدہ عرب امارات،بقول ان کے خطے میں ایران کے غیرمستحکم کرنے والے رویے اور اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہیں-
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس دعوے کو مداخلت پسندانہ اور غیرحقیقی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ علاقے کے بارے میں مثبت اور تعمیری سوچ پر عمل پیرا ہے۔
انھوں نے آل سعود کی سرکردگی میں اتحادیوں کی یمن پر وحشیانہ جارحیت کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات یمن میں ہتھیار بھیجنے کے بجائے اس ملک کے مظلوم عوام کے لیے دوائیں اور کھانے پینے کی اشیاء بھیجے-حسین امیر عبداللہیان نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کو فوجی عمل کی تقویت کے بجائے یمن اور علاقے میں سیاسی عمل کو مضبوط بنانے میں مدد دینی چاہیے-
انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد جو موقع پیش آئے گا اس میں متحدہ عرب امارات ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے میں تعمیری اور سرگرم کردار ادا کر سکتا ہے-