Sep ۲۸, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۴ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر حسن روحانی کی نیو یارک میں ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے ساتھ ملاقات
    ڈاکٹر حسن روحانی کی نیو یارک میں ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے ساتھ ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران پابندیوں کے دور میں ساتھ دینے والے دوست ملکوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ان ہی ملکوں کو ترجیح حاصل ہے کہ جنھوں نے ایرانی قوم کو تنہا نہیں چھوڑا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے عالمی مسائل میں ایران اور ترکی کے نظریات ایک جیسے ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو ماضی سے کہیں زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

 انھوں نے عراق و شام میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردوں کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان تعاون اور صلاح و مشورے کا عمل مضبوط بنائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کی حقیقت کو سمجھتے ہوئے علاقے کے مسائل کے حل میں مدد کی جاسکے۔
 ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ترکی  پڑوسی ملکوں کی تقسیم کے خلاف اور علاقے میں امن کی بحالی، دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کے ملکوں کے پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے خواہاں ہیں۔
 اس ملاقات میں ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے بھی اپنے ملک کے انتخابات کے عمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ جو بھی برآمد ہو ایران اور ترکی کے تعلقات، حکومت انقرہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
 انھوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کے تعلقات علاقائی اور پڑوسی ملکوں کے لئے ایک نمونہ بن سکتے ہیں اور دہشت گردی کے بارے میں دونوں ممالک میں یکسوئی پائی جاتی ہے۔ اس ملاقات میں فریقین نے علاقے کے مختلف مسائل منجملہ یمن، شام، عراق اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مہم کی ضرورت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس