سانحہ منی کی تحقیقات کے لئے کمیٹی کی تشکیل پر تاکید
Sep ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سانحہ منی کے اسباب کا پتہ لگانے کے لئے اسلامی تعاون تنظیم اور اس کے رکن ممالک کی پارلیمانوں کی یونین کی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو ضروری قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکروں کے نام ایک پیغام ارسال کیا ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی کے پیغام میں آیا ہے کہ منی کا المناک سانحہ بہت سے حجاج کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر منتج ہوا اور مسجد الحرام میں کرین گرنے کے واقعے سے بھی اسلامی دنیا میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ان دونوں واقعات کی وجہ سے مسلمانوں کی عید، سوگ میں تبدیل ہوگئی حالانکہ اللہ تعالی نے مکہ مکرمہ کو اپنا امن کا شہر قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی کے پیغام میں مزید آیا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ اس عظیم مصیبت اور حج کے دوران پیش آنے والے دوسرے واقعات کی ذمےداری سعودی عرب کی شاہی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور اس ملک کے حکام رائے عامہ اور دنیا بھر کے سوگوار مسلمانوں کے سامنے جوابدہ ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس سانحے کی تعزیت پیش کی ہے اور جاں بحق ہونے والے حجاج کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے پیغام میں اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکروں سے کہا ہے کہ وہ سانحہ منی اور گزشتہ برسوں کے دوران اس سے ملتے جلتے دوسرے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے المناک واقعات کی روک تھام اور مسلمانوں کی حج جیسی عظیم سالانہ عبادت کے انتظامات اس کے شایان شان طریقے سے کرنے کے لئے غور و فکر کریں۔