آل سعود کو برق رفتار جواب دینے کے لئے مکمل تیار ہیں، سربراہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی
Oct ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
سپاہ پاسداران انقلاب نے سانحہ منی کے تعلق سے سعودی عرب کو برق رفتاری کے ساتھ سخت ترین جواب دینے کے لئے مکمل آمادگی کا اعلان کردیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل محمد علی جعفری نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ ہم سانحہ منی کے تعلق سے ، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا فرمان ملتے ہی، سعودی عرب کو برق رفتاری کے ساتھ سخت ترین جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس پوری طرح تیار ہے اور جب بھی رہبر انقلاب اسلامی نے ارادہ کرلیا ، سانحہ منی کے تعلق سے سعودی حکومت کے خلاف سخت ترین انتقامی کارروائی انجام دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، آل سعود کے ظالم اور جاہل حکام کے مقابلے میں ، مسلمین عالم بالخصوص ایران کے انقلابی عوام کے حقوق کے دفاع اور آل سعود کو اس کے ہولناک جرائم کی سخت ترین سزا دینے کے لئے ، ہر وقت اور ہر علاقے میں برق رفتار کارروائیاں انجام دینے پر قادر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کے منتظر ہیں اور حکم ملتے ہی اقدام کریں گے۔
جنرل محمد علی جعفری نےکہا کہ آل سعود کی ابو لہبانہ جہالتوں اور خیانتوں جیسے یمن کے عوام کے قتل عام، شام کے عوام کو بے گھر اور در بدر کرنے، بحرینی عوام کی سرکوبی، عراق میں دہشت گردوں کے ہاتھوں عوام کے قتل عام، فرقہ وارانہ تفرقہ اندازی اور دہشت گردوں کی حمایت و پشت پناہی سے اسلامی دنیا عاجز آچکی ہے اور وہ دن قریب ہے جب مسلم امہ کے غیظ و غضب کی آگ آل سعود کو جلاکے راکھ کردے گی۔