میزائل تجربات ایٹمی اتفاق رائے کی خلاف ورزی نہیں
ایران کے نائـب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں پر کسی سے مذاکرات اور سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق قانونی اور عالمی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی تہران میں اقوام متحدہ کے ستّرویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میزائل تجربات ایٹمی اتفاق رائے کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتے۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع نے اتوار کے روز دور مار کرنے والے بیلسٹک میزائیل عماد کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تحت، ایران کے خلاف منظور کی جانے والے پچھلے تمام کی تمام چھے قرار دادیں منسوخ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی اتفاق رائے پر عملدرآمد کے بعد ایران اور سلامتی کونسل کے درمیان تعلقات میں بنیادی تبدیلیاں آئیں گی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ پہلے مرحلے میں ایران کے خلاف تمام پابندیاں ختم کی جائیں اور بعد کے مرحلے میں ایران اور سلامی کونسل کے درمیان باقی ماندہ معاملات کو زیر بحث لایا جائے گا۔
سید عباس عراقچی نے سانحہ منٰی میں شہید اور لاپتہ ہونے والے ایرانی حجاج کرام کے بارے میں کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ کا خصوصی سیل سانحہ منٰی کے حوالے سے رات دن کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ سانحہ منٰی کے حوالے سے سعودی حکام کو احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔