Oct ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کا خط  ساری ایرانی قوم کا موقف
    رہبر انقلاب اسلامی کا خط ساری ایرانی قوم کا موقف

تہران کے خطیب جمعہ نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے خط کو پوری ایرانی قوم کا موقف قراردیا ہے

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے صدر مملکت حسن روحانی کے نام رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خط کوایک تاریخی اور جامع خط قراردیا اور کہا کہ اس خط نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق جاری بحث کا خاتمہ کردیا ہے -

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط کے متن اور مضمون پر حسینی اور انقلابی فکر کی روح حکمفرما ہے اور اس خط نے یہ پیغام دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بدستور اپنے موقف پر قائم اور ثابت قدم ہے -

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے رہبرانقلاب اسلامی کے اس خط میں ایک اور اہم نکتہ امریکا سے نفرت کے اظہار کو قراردیا اور کہا کہ امریکا جھوٹا اور وعدہ خلاف ہے انہوں نے کہا کہ امام خمینی رح کی ہی طرح رہبرانقلاب اسلامی نے بھی امریکا کو بڑا شیطان قراردیا ہے -

انہوں نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر فریق مقابل کی پابندی کا بغور جائزہ لینے کے لئے ایک طاقتور ٹیم تشکیل دینے کے تعلق سے رہبرانقلاب اسلامی کی تاکید کو اس خط کا ایک اہم نکتہ بتایا اور کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی نے مشترکہ جامع ایکش پلان پر عمل درآمد کی مشروط طور پر منظوری دی ہے -

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینی عوام کی تحریک انتفاضہ قدس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز سے فلسطینیوں کو فائدہ نہیں ہوگا -

ان کا کہنا تھا کہ انتفاضہ قدس کو دوبارہ شروع کرکے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو صیہونی حکومت کے قبضے سے آزاد کرایا جاسکتا ہے -

تہران کے خطیب جمعہ نے سانحہ منی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ سعودی عرب کی حکومت نے اس سانحے میں غفلت سے کام لیا ہے اور وہ مجرم ہے اس لئے اس کو عالمی عدالت انصاف کے کٹہر ے میں کھڑا کیا جانا چاہئے -

انہوں نے سانحہ منی کی تحقیقات کے لئے ایک ایسی کمیٹی کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے جس میں سعودی عرب شامل نہ ہو کہا کہ یہ ضروری ہے کہ سانحہ منی کے اسباب اور اس کے پہلوؤں کا پتہ لگایا جائے -

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت حج کا انتظام سنبھالنے کی توانائی نہیں رکھتی اس لئے حج کا انتظام اب اسلامی ملکوں اورعالم اسلام کے حوالے کیا جانا چاہئے -

تہران کے خطیب جمعہ نے خطبوں کے آغاز میں نو محرم اور عاشورہ کی آمد کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کے اصحاب و انصار کی منفرد اور بے مثال خصوصیات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ہم سب کو ہمیشہ کربلا والوں کی تعلیمات پر عمل کرکے عاشورائی زندگی بسرکرنی چاہئے.

ٹیگس