ایران اور جرمنی ماحولیات کے شعبے میں وسیع تعاون کریں گے
ایران نے ماحولیات کے شعبے میں جرمنی کے ساتھ طویل مدت تعاون کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر توانائی نے جرمنی کے ساتھ ماحولیات کے شعبے میں طویل مدت منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزارت توانائی کی ویب سائٹ کے مطابق حمید چیت چیان نے اتوار کو تہران میں جرمنی کے نائب وزیر ماحولیات اور کنسٹرکشن گونتر ایڈلر سے ملاقات میں کہا کہ ایران پندرہ سال سے خشک سالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے اب پانی، پینے کے پانی کی فراہمی، ریسورسس مینجمینٹ نیز شہر میں سیوریج کو جمع کرنے کی نہایت اہمیت ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں سالانہ پانچ اعشاریہ پانچ کی شرح سے ترقی ہوئی ہے اور یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئندہ دس برسوں میں پینتالیس سے پچاس ہزار میگاواٹ کے بجلی گھر بنالئےجائیں گے۔ چیت چیان نے کہا کہ ایران میں بادی، سولار اور آبی پاور ہاوس بنائے جائیں گے اور گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کو ترکیبی نظام میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا اس طرح سے گرین ہاوس گیس کے حجم میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ ایران اور جرمنی کے ادارے ایک دوسرے کو پہچانتے ہیں لھذا دونوں ممالک ماحولیات کے میدان میں اسٹرٹیجیک تعاون کرسکتے ہیں۔