لبنان میں صیہونی حکومت کو ذلت آمیز شکست ہوئی، یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے مجاہدین نے اپنی استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ صیہونی حکومت پر جنگ بندی مسلط کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق محمد عبدالسلام نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ اور لبنانی قوم کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے مجاہدین کی استقامت کی بدولت اسرائيل اپنے اہداف کےحصول میں شکست سے دوچار ہوا ہے اور لبنان کی استقامت نے صیہونی دشمن اور اس کے امریکی حامیوں کے خلاف جہادی آپریشن کئے جن کی وجہ سے وہ جنگ بندی پر مجبور ہوئے۔
انصاراللہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ استقامت طویل مدت تک جنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ متزلزل صیہونی حکومت میں یہ صلاحیت نہیں پائی جاتی ہے۔ محمد عبدالسلام نے اس موقع پر حزب اللہ کے سابق سربراہ شہید سیدحسن نصراللہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کے بقول صیہونی دشمن مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ محمد عبدالسلام نے آخر میں کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ جنگ یقینی ہے اور اس حکومت کے ساتھ جنگ ایسےمرحلے میں داخل ہوچکی ہے کہ جس کے بعد یہ حکومت زوال کا شکار ہو جائے گی۔