یمن میں سمجھوتے کے حصول کے لئے علاقے کے ملکوں کی مدد کی ضرورت پر ایران کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے سے ملاقات میں امید ظاہر کی ہے کہ علاقے کے ممالک کے تعاون سے نیز مذاکرات کے نتیجے میں یمن کے بارے میں اہم سمجھوتہ طے پا جائے گا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے تہران میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے اسماعیل ولد الشیخ سے گفتگو میں کہا ہے کہ علاقے کے ممالک کو چاہیے کہ بحران یمن کے بارے میں سمجھوتہ طے کئے جانے میں تعاون و مدد کریں۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کے دورہ ایران میں، تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں فریقین نے یمن کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات میں ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللہیان نے یمن میں امن و استحکام کی بحالی کی غرض سے ویانا میں یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے اسماعیل ولد الشیخ کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مذاکرات کے اس دور میں علاقے کے ملکوں کے تعاون سے تعمیری سمجھوتہ طے پا جائے گا۔
اس ملاقات میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے نے بھی بعض ملکوں کے ساتھ ہونے والے صلاح و مشورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات، اقوام متحدہ کی قرارداد کی شقوں اور مسقط کے سات نکاتی معاہدے کی بنیاد پر ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یمن کے بحران کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں انسانی المیہ خطرناک مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اسماعیل ولد الشیخ نے اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے کا ایک اہم اور بااثر ملک قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران، علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم میں تقدیر ساز کردار ادا کر رہا ہے۔