علاقے میں دوہری پالیسیوں کا زمانہ گزر چکا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ علاقے میں دوہری پالیسیوں کا زمانہ گزر چکا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کے روز تہران میں برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ کرسپین بلنٹ اور بعض برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تسلط پسندی کے ہر طرح کے نظریئے سے دور رہنے والے ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن روابط کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے۔
انہوں نے علاقے میں سیکورٹی کے قیام کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں حقیقت پسندانہ طریقے سے پائیدار سیکورٹی کا قیام ہونا چاہئے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ افغانستان، پاکستان، عراق اور دیگر ممالک میں ہونے والی بدامنی نے اس سیکورٹی کو شدید طور پر متزلزل کردیا ہے اور امریکا جیسے ممالک کی مداخلت نہ صرف علاقے میں امن و امان کا باعث نہیں بنی بلکہ اس مداخلت سے ان ممالک کے مسائل اور مشکلات میں اور اضافہ ہوگیا۔
انہوں نے علاقے کے لوگوں کی سیاسی بصیرت کے فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے اور لوگوں کی سیاسی ہوشیاری میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ عوام اپنی سرنوشت کا فیصلہ خود کرنے کے خواہاں ہیں جیسا کہ بحرینی عوام اپنے وزیر اعظم کے انتخاب کے حق کا حصول چاہتے ہیں۔
اس ملاقات میں برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ کرسپین بلنٹ نے کہا کہ علاقے کی بدامنی سب کے نقصان میں ہے اور اب علاقے میں استحکام کے قیام کا وقت ہے نیز ان کا ملک اس ہدف تک پہنچنے کے لئے علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا خواہاں ہے۔