Nov ۲۹, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  • بحریہ کو قدیر کروز میزائل حوالے کرنے کی تقریب
    بحریہ کو قدیر کروز میزائل حوالے کرنے کی تقریب

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ دشمن ایران کے مفادات کے خلاف کوئی اقدام کرنے کی جرات نہیں رکھتے لیکن اگر انہوں نے گستاخی اور غیر معقول اقدام کیا تو انہیں نہایت شدید جواب دیاجائے گا۔

وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے بحریہ کو قدیر کروز میزائل حوالے کرنے کی تقریب میں کہا کہ آج علاقے کے حالات روز بروز بحرانی ہوتے جارہے ہیں اور ان بحرانوں کی اصلی وجہ یہاں پر بیرونی اور علاقائی افواج اور ملکوں کی موجودگی اور مداخلت ہے جو دہشتگرد گروہوں کی خفیہ اور اعلانیہ حمایت کرکے نہ صرف علاقے کے لئے بلکہ دنیا کے لئے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمنوں کی جانب سے لاحق ممکنہ خطروں کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقے کے حالات کا اسٹرٹیجیک نگاہ سے جائزہ لے رہی ہیں اور ان کے مد نظر وہ سارے امور ہیں جو اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر روز اپنی توانائیوں میں اضافہ کرکے اور موثر ہتھیار حاصل کرکے مقابلے کے میدانوں میں اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں میں اضافہ کررہی ہیں۔

ایسنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنرل دھقان نے کہا کہ آج دنیا کو یقین ہوچلا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں امن و استحکام کا سبب اور امن عالم کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی ملک اور سرحد پر لالچ بھری نظر نہیں رکھتا بلکہ اس نے اپنے لئے یہ تاریخی حق محفوظ رکھا ہے کہ وہ امن و استحکام برقرار رکھتے ہوئے نقص امن کے ذمہ دارافراد کو چاہے کہیں بھی ہوں بالخصوص جہاں تسلط پسند نظام یکہ تازی کرتا ہے ان سے مقابلہ کرے۔
واضح رہے آج ایک تقریب کے دوران قدیر کروز میزائل بحریہ کے حوالے کئے گئے۔ اس تقریب میں وزیر دفاع جنرل دھقان نے بھی شرکت کی۔

ٹیگس