Dec ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب نے  حقائق کو کھول کر بیان کیاہے: عالمی اہلبیت اسمبلی کے سربراہ

عالمی اہلبیت اسمبلی کے سربراہ آیت اللہ محمد حسن اختری نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے یورپی نوجوانوں کے نام اپنے خط میں دنیا کے تلخ واقعات اور ان کے پس پردہ حقائق کو کھول کر بیان کیا ہے۔

آیۃ اللہ محمد حسن اختری نے یورپی نوجوانوں کے نام خط کے اس سلسلے کو، جسےرہبر انقلاب اسلامی نے رواں سال کے آغاز میں شروع کیا ہے، انتہائی اہم اور سود مند قرار دیا۔ آیت اللہ محمد حسن اختری نے کہا کہ ان خطوط کا مغربی نوجوانوں پر کافی اچھا اثر پڑا ہے اور ان میں اپنے اطراف کے حالات کے بارے میں جاننے کا شعور پیدا ہوا ہے۔

عالمی اہلبیت اسمبلی کے سربراہ نے کہا کہ یورپ میں داعش کے مجرمانہ اقدامات کے بعد لکھے گئے یہ خطوط وقت کے تقاضوں کے مطابق ہیں تاکہ یورپ اور امریکہ کے نوجوانوں کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے لیے مغرب کی حمایت الٹے اس کے گلے میں آگئی ہے اور رہبر انقلاب اسلامی نے مغربی نوجوانوں کو اسی جانب متوجہ کیا ہے۔

دوسری طرف تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا ہے ان کے ادارے نے رہبر انقلاب اسلامی کے خط کو دنیا بھر میں قائم اپنے دفاتر کو ارسال کردیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ مضامین اور مقالوں کے ذریعے اس خط کی تشریحات سے دنیا بھر کے نوجوانوں کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تقریب مذاہب اسلامی نے اسلامک سینٹر لندن کے دو چینلوں دی محمد اور دی قرآن کے تعاون سے رہبر انقلاب اسلامی کے خط کو پور دنیا میں ارسال کیا ہے اور اس کا موثر نتیجہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہ ہمارے ادار ے کی نیوزایجنسی تقریب نے بھی مختلف زبانوں میں اس خط کو شائع کیا ہے اور اس بارے میں مقالے اور مضامین بھی شائع کیے جارہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تیس نومبر کو مغربی ملکوں کے نوجوانوں کے نام اپنے ایک کھلے خط میں فرانس میں تیرہ نومبر کو رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کو انتہائی تلخ اور ناگوار واقعہ قرار دیا تھا۔ رواں سال جنوری میں بھی رہبر انقلاب اسلامی نے یورپ اور شمالی امریکہ کے نوجوانوں کے نام ایک خط ارسال کیا تھا اور انہیں اسلام کی براہ راست شناخت کی دعوت دی تھی۔

ٹیگس