Dec ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے کی نئی رپورٹ، ایٹمی پروگرام کے مصنوعی بحران کو ختم کرنے کا باعث بنے گی
    آئی اے ای اے کی نئی رپورٹ، ایٹمی پروگرام کے مصنوعی بحران کو ختم کرنے کا باعث بنے گی

ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کی نئی رپورٹ ، تہران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے پیدا کئے گئے مصنوعی بحران کو ختم کرنے کا باعث بنے گی۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے اپنے ایک مقالے میں لکھا ہے کہ یوکیا آمانو کی رپورٹ فنی، سیاسی اور قانونی معاملات پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں ایران کے ایٹمی پروگرام میں ٹرانسپیرنسی کا کھل کراعتراف کیا گیا ہے اور اب ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق کیس ختم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے یوکیا آمانو کی رپورٹ کے مبہم اور مخدوش حصوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آئی اے ای اے نے بعض جعلی دستاویزات اور معلومات کی بنیاد پر ایران کے خلاف کیس کی بہت موٹی فائل تیار کی تھی اور اب اس کے لیے ان دستاویزات کے جعلی اور بے بنیاد ہونے کا اعتراف کرنا سخت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پچھلے دوسال کے دوران خاص طور پر جامع ایکشن پلان پر دستخط کے بعد ایران اور آئی اے ای اے نے جدید ترین اور عملی طریقوں سے باقی ماندہ مسائل کو حل کرلیا ہے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ترجمان نے یہ بات زور دیکر کہی کہ آئی اے ای اے کی رپورٹ نے فنی لحاظ سے ادارے کے بورڈ آف گورنرز کے لیے مناسب فیصلے کا راستہ ہموار کردیا ہے۔

قابل ذکرہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا آمانو نے بدھ دو دسمبر کو ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں فوجی مقاصد کی جانب ممکنہ انحراف یا پی ایم ڈی کے حوالے سے اپنی رپورٹ بورڈ آف گورنرز کے حوالے کردی ہے۔

اس رپورٹ میں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں فوجی مقاصد کی جانب انحراف نہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے سینتس ارکان پندرہ دسمبر کو اس رپورٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اعلان کریں گے۔

ٹیگس