بحران شام کے حل سے متعلق عالمی کوششوں کا خیر مقدم
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران ویانا کانفرنس سمیت بحران شام کے حل سے متعلق تمام بین الاقوامی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کے پریس آفس کی رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے تہران میں تعینات غیر ملکی سفیروں کے ساتھ پیر کے دن ایک نشست میں شام سے متعلق ویانا ایک اور ویانا دو کانفرنسوں کے نتائج اور شام کے بحران کے بارے میں ایران کے مواقف کی تشریح کی۔
حسین امیر عبداللہیان نے شام کے بحران کے حل سے متعلق اقوام متحدہ کی کوششوں کو مثبت اور آگے کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں شام اور خطے کے حقائق کو مدنظر رکھے جانے کی صورت میں ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان نے بین الاقوامی کوششوں کے نتیجہ خیز ہونے کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شدت لانے اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کو بھی ضروری قرار دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہر طرح کا فیصلہ اور اقدام اقوام متحدہ کی مرکزیت کے ساتھ اور شام کے عوام کے مطالبات کے دائرہ کار میں ہونا چاہئے۔ حسین امیر عبداللہیان نے یہ بھی کہا کہ بحران شام کے حل سے متعلق ہر طرح کا اقدام اور فیصلہ شام کی حکومت کی ہم آہنگی کے ساتھ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیا جانا چاہئے۔