وزیر خارجہ جواد ظریف کی، پاکستان اور چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر تاکید
-
وزیر خارجہ جواد ظریف کی، پاکستان اور چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بدھ کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم اور چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان دوستانہ تعلقات، خاص طور سے اقتصادی و تجارتی میدانوں میں تعلقات، میں فروغ پر زور دیا گیا۔ اس ملاقات میں افغانستان سمیت علاقے کے مسائل کے بار ے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ ان کی حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے عنقریب دورہ اسلام آباد کی منتظر ہے -
نوازشریف نے کہا کہ ایٹمی معاملے پر جوخبریں آرہی ہیں ان سے یہ ظاہر ہے کہ ایران نے اچھا تعاون کیا ہے - ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی معاملے اور پی ایم ڈی پر سارے مسائل حل اور شبہات ختم ہوگئے ہیں - انہوں نے کہا کہ اگرچہ آئی اے ای اے کی حالیہ رپورٹ میں کچھ جزوی باتوں کی جانب اشارہ کیا گیا ہے لیکن ایران نے ایٹمی پروگرام میں کوئی انحراف نہیں کیا ہے -
ایران کے وزیرخارجہ اور پاکستان کے وزیراعظم کی ملاقات میں شام کا بحران بھی زیرغور آیا اور دونوں نے شام کے بحران کے پرامن حل پر زوردیا- ایران کے وزیرخارجہ اور پاکستان کے وزیراعظم نے یمن کےمسائل پر بھی بات چیت کی اور اس بات پر زور دیا کہ یمن کا بحران فوجی طریقے سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ یہ بحران پرامن طریقے سے اور بات چیت کےذریعے ہی حل ہوگا-
دوسری جانب وزیرخارجہ جواد ظریف نے چین کے وزیرخارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات میں تہران اور بیجنگ کے دوطرفہ تعلقات کی توسیع اور اسی طرح اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پرتبادلہ خیال کیا –