صنعا میں ایرانی سفارت خانے پر سعودی عرب کے حملے کی مذمت
ایرانی وزارت خارجہ نے صنعا میں ایرانی سفارت خانے پر سعودی عرب کے میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایرانی سفارت خانے پر سعودی لڑاکا طیاروں کے میزائل حملے کی، جس کے نتیجے میں سفارت خانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور سفارت خانے کے محافظین کی ایک تعداد زخمی ہوگئی، شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا یہ منصوبہ بند اقدام ہر حالت میں سفارتکاروں کی سیکورٹی کے سلسلے میں تمام بین الاقوامی کنونشنوں اور اصول و قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس اقدام اور اس کے نتیجے میں سفارت خانے کو ہونے والے نقصان نیز سفارت خانے کے زخمی کارکنان کے علاج کے اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری سعودی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ واضح سی بات ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس سلسلے میں کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کی رات کو صنعا میں ایرانی سفارت خانے کو اپنے میزائل حملے کا نشانہ بنایا تھا۔