ایران کے اٹارنی جنرل کی اقوام متحدہ پر تنقید
اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل نے آل سعود حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ممتاز اور مجاہد عالم دین آیت اللہ باقر نمر کو سزائے موت دیئے جانے کے خلاف رد عمل ظاہر نہ کرنے کی بنا پر اقوام متحدہ پر تنقید کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے دن تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ بہت تعجب اور افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل نے آل سعود حکومت کی جانب سے آیت اللہ باقر نمر کو دی جانے والے سزائے موت اور مظلوم ملک یمن پر حملے کے دوران آل سعود حکومت کی جانب سے روا رکھے جانے والے مظالم اور جرائم کےبارے میں کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملہ کرنے کے الزام میں جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور ایران کی سیکورٹی اور خفیہ ایجنسیاں اس واقعے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لے رہی ہیں ۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے نتائج کو فورا منظر عام پر لایا جائے گا۔