چھبیس فروری کے انتخابات میں ایرانی عوام کی وسیع شرکت قومی عزت و سلامتی کے تسلسل کا باعث ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے آئندہ چھبیس فروری کے انتخابات میں ایرانی عوام کی وسیع شرکت کو قومی عزت و سلامتی کے تسلسل کا باعث اور اسلامی جمہوری نظام کی ترقی و پیشرفت کا ضامن قرار دیا ہے -
آپ نے اسی کے ساتھ ایران کی حالیہ کامیابی کو ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی انتھک محنتوں اور ایرانی قوم کی حمایت و پشت پناہی کی مرہون منت بتایا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مشرق کی موجودہ صورتحال کو امریکا کے نئے مشرق وسطی کے منصوبے کا نتیجہ قرار دیا ۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پارلیمنٹ کا دسواں اور مجلس خبرگان کا پانچواں الیکشن کرانے والی کمیٹیوں اور الیکشن کمیشن کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کے دوران انتخابات میں شفاف اور شاندار مقابلے کی ضمانت فراہم کرنےوالے عوامل کی تشریح کرتے ہوئے فرمایاکہ انتخابات کے میدان میں قومی سطح کے اور زبردست مقابلے میں حقیقی کامیابی عوام اور اسلامی جمہوری نظام کی ہی ہوگی -
رہبرانقلاب اسلامی نے ان دونوں ہی انتخابات کو بہت ہی اہم اور عظیم بتایا اور فرمایا کہ ایک شاندار اور صحتمندانہ مقابلے کی اہم شرط یہ ہے کہ سبھی رائے دہندگان حتی وہ لوگ بھی جو اسلامی جمہوری نظام سے راضی نہیں ہیں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں -
آپ نے انتخابات میں عوام کی بابصیرت شرکت اور اہل نیز لائق امیدواروں کے انتخاب کو اچھے اور شاندار انتخابات کی ایک اور اہم شرط قراردیا اور فرمایا کہ ایسے لوگوں کا انتخاب کرنا چاہئے جو کرسیوں پر بیٹھنے کے بعد عوام کی خدمت کریں اور عوام کے مفادات اور مصحلتوں کے لئے کام کریں -
رہبرانقلاب اسلامی نے ایٹمی معاملے کے حل کے سلسلے میں صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی، وزیرخارجہ محمدجواد ظریف اور ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان کی زحمتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ البتہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سارے مطالبات پورے نہیں ہوئے لیکن حقیقت میں ایرانی حکام نے اس معاملے میں بہت محنت اور زحمت کی ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بارے میں اہم نکات بیان کرتے ہوئے ایرانی حکام کو مخاطب کرکے فرمایا کہ امریکا وہی پہلے والاہی امریکا ہے بنابریں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے تعلق سے امریکا کی نیرنگیوں اور چال بازیوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے -
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایٹمی کامیابی ایرانی سائنسدانوں کی مہارتوں اور کوششوں نیز ایرانی عوام کی حمایت و پشت پناہی کا نتیجہ ہے بنابریں یہ ناانصافی ہے جو بعض افراد ان نتائج کو امریکیوں کی مہربانی سے تعبیر کر رہے ہیں -
رہبرانقلاب اسلامی نے امریکا کی ماہیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ علاقے کی موجودہ صورتحال امریکا کی طرف سے چند سال قبل پیش کئے گئے نئے مشرق وسطی کے منصوبے کو نمایاں کردیتی ہے - آپ نے فرمایا کہ امریکیوں کا نیا مشرق وسطی درحقیقت جنگ و دہشت گردی ، تعصب، رجعت پسندی اور فرقہ وارانہ نیز داخلی جنگوں کا شکار مشرق وسطی ہے۔