Jan ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کے صدور کا دو طرفہ تعلقات میں توسیع پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے صدور نے ٹیلی فونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو عراق کے صدر فواد معصوم سے ٹیلی فونی گفتگو میں دوطرفہ معاملات اور علاقے کے پیچیدہ مسائل کے بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان صلاح و مشورے اور تعاون جاری رہنے پر تاکید کرتے ہوئے کہاکہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اپنے ہمسایہ ملکوں خاص طور پر عراق کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کا دائرہ تیز رفتاری کے ساتھ اور زیادہ وسیع کرسکتاہے -

صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے اپنے حقوق کےدفاع اور سرانجام مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد نے یہ ثابت کرد یا کہ ترقی پذیر ممالک بھی بڑی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت وثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق کا دفاع کرسکتےہیں - ا

نہوں نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حالیہ شاندار کامیابیوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی عراقی حکومت اور عوام اپنے ملک سے دہشت گردوں کو نکال باہر کریں گے۔

صدر مملکت حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران عراقی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا کہا کہ عراق کی ارضی سالمیت، اقتدار اعلی اور آزادی و خودمختاری ایران کے لئے بہت ہی اہمیت رکھتی ہے اور ایران، عراق کی سلامتی و استحکام کو اپنی سلامتی اوراستحکام سمجھتا ہے -

عراق کے صدر فواد معصوم نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی ایران کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی صورتحال میں ایران ایک تابناک مستقبل کی جانب تیزی سے قدم بڑھائے گا - انہوں نے دوطرفہ اور علاقائی مسائل میں ایران کے اصولی اور مضبوط موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ ایٹمی معاہد ے سے پہلے سے بھی زیادہ علاقے کے امن و استحکام کی برقراری میں مدد ملے گی -

ٹیگس