سائمن گاس کی امیر عبداللہیان سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے برطانوی وزارت خارجہ کے سیاسی شعبے کے سربراہ سائمن گاس سے ملاقات کی ہے جس میں علاقے کی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیاں نے بدھ کے روز تہران میں سائمن گاس کے ساتھ ملاقات میں علاقے کے موجودہ حالات اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علاقے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور موجودہ بحرانوں کو حل کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی فریقوں کے تعاون کی اپیل کی۔
سائمن گاس نے بھی اس ملاقات میں علاقے کی موجودہ صورت حال اور شام، یمن، بحرین اور عراق کے حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے علاقے کے موجودہ حالات کے بارے میں اپنے ملک کا نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے موجودہ حالات کی حساسیت پر گہری توجہ دینے اور موجودہ بحرانوں کی علاقائی راہ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔